عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فورسز نے علی الصبح غزہ کے الشفا اسپتال پر دھاوا بولا اور حماس کے ایک کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا، جو ان کے بقول ہسپتال کے نیچے واقع ہے، جس میں ہزاروں بیمار اور بے گھر شہری موجود ہیں
غزہ کی وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر منیر البرش نے عرب میڈیا کو بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے میڈیکل کمپلیکس کے مغربی حصے پر چھاپہ مارا ہے۔
اسرائیلی ڈیفنس فورسز نے کہا کہ ان کے فوجی ہسپتال کے ایک مخصوص علاقے میں حماس کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کر رہے ہیں۔
غزہ میں وزارت صحت کے ایک اہلکار یوسف ابو الریش نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ انہوں نے کمپلیکس کے اندر استقبالیہ عمارتوں کے اندر درجنوں فوجی اور کمانڈوز دیکھے۔
خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی اور فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ غزہ شہر کے الشفا ہسپتال میں فوجی آپریشن جاری ہے، یہ ہسپتال کئی روز سے جاری جھڑپوں اور قریبی فضائی بمباری کا مرکز بن چکا ہے۔
ہسپتالوں میں مریض، طبی عملہ اور ہزاروں فلسطینی پھنس کر رہ گئے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے 179 لاشوں کو ہسپتال کے احاطے میں اجتماعی قبر میں سپرد خاک کردیا گیا۔ اسرائیلی بمباری سے شہید ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ شہداء میں 4 ہزار 660 بچے اور 3 ہزار سے زائد خواتین شامل ہیں، جب کہ بے تحاشہ بمباری سے 71 مساجد تباہ ہوئیں۔ یہاں تک کہ شہداء اور عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن چکی ہیں
دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے غزہ کے متعدد ہسپتالوں میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔