بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے پوری طاقت کے ساتھ غزہ میں آپریشن اور وحشیانہ بمباری شروع کردی ہے جس کے نتیجے میں غزہ کی پٹی میں مواصلاتی نظام مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے۔الجزیرہ کے مطابق فلسطینی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی جوال کا کہنا تھا کہ آخری بچ جانے والی بین الاقوامی کیبل بھی اسرائیلی بمباری سے تباہ ہوگئی جس کی وجہ سے غزہ کا دنیا سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں
غزہ کی پٹی کا مکمل محاصرہ،پانی اور ایندھن کی سپلائی منقطع،سینکڑوں فلسطینی شہید،سینکڑوں اسرائیلی مارے گئے
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق 100 سے زائد فضائی طیارے غزہ پر بمباری کر رہے ہیں جب کہ ٹینکوں اور توپوں سے بھی بمباری کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے ہر طرف تباہی اور آگ دکھائی دے رہی ہے۔اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہگاری نے کہا کہ آج رات ہماری افواج غزہ میں زمینی کارروائی کا دائرہ وسیع کر رہی ہیں جس کے تحت مختلف علاقوں میں شدید بمباری بھی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ غزہ شہر کے لوگ اپنے گھروں سے جنوبی علاقوں کی طرف چلے جائیں کیونکہ اسرائیلی فضائی کارروائیاں بھی کی جائیں گی۔ہگاری نے کہا کہ ہماری افواج مغویوں کی بازیابی کے اس مشن کو جلد مکمل کریں گی اور ہم ہر طرح سے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔اسرائیل کی توپوں نے غزہ کے قائم الشفاء اسپتال پر بھی بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد معلوم نہیں ہوئی ہے۔
دوسری جانب غزہ میں الشفاء اسپتال کے ترجمان نے اسرائیلی دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسپتال کو حماس کا ہیڈ کوارٹر کہنا بے بنیاد اور جھوٹا پروپیگنڈا ہے۔ اسپتال کی ترجمان سلمیٰ معروف نے سرکاری میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال میں مریضوں کے علاوہ کوئی موجود نہیں ہے۔
مزید پڑھیں
طوفان الاقصیٰ؛ اسرائیلی ہلاکتوں کی تعداد 700 سے تجاوز ،413فلسطینی شہید
انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے ایک جھوٹی آڈیو ریکارڈنگ تیار کی جس میں ہم پر الزام لگایا گیا کہ ہسپتال میں حماس کے لوگ موجود ہیں جبکہ اس بات کی بھی تردید کی ہے کہ حماس نے ایندھن چوری کیا ہے۔دریں اثناء وزیر صحت کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی حالیہ کارروائی سے قبل غزہ پر وحشیانہ بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 7400 سے تجاوز کر گئی جب کہ 21 ہزار کے قریب افراد زخمی ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ مغربی کنارے میں اسرائیلی کارروائیوں کے نتیجے میں اب تک 110 فلسطینی شہید اور 1950 زخمی ہو چکے ہیں۔
اردن کے وزیر خارجہ نے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں شروع کیے گئے تازہ آپریشن پر کہا ہے کہ اسرائیل اب دنیا کو جہنم بنانے کی کوشش کر رہا ہے، معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کا عمل قابل مذمت ہے۔