اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) اسرائیلی حکومت نے مغربی کنارے میں ہزاروں عمارتیں تعمیر کرنے کا منصوبہ متعارف کرایا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل کی سپریم پلاننگ کونسل کے ایجنڈے کے تحت مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں 4 ہزار 560 ہاؤسنگ یونٹس کی منظوری کا منصوبہ پیش کیا گیا ہے جس کا فیصلہ آئندہ ہفتے کیا جائے گا۔ ان میں سے 1,332 عمارتیں حتمی منظوری کے لیے ہیں جبکہ باقی کی ابتدائی منظوری کے عمل سے گزر رہے ہیں۔
اسرائیل کے وزیر خزانہ Bezalel Smutrich نے اس موقع پر کہا کہ ہم بستیوں کی تعمیر جاری رکھیں گے اور علاقے پر اسرائیلی گرفت مضبوط کریں گے۔مذکورہ اسرائیلی منصوبے کے رد عمل میں فلسطینی اتھارٹی نے کہا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ مشترکہ اقتصادی کمیٹی کے اجلاس کا بائیکاٹ کرے گی۔
واضح رہے کہ امریکا اسرائیل کے اس منصوبے کو فلسطینیوں کے ساتھ دیرپا امن کی راہ میں رکاوٹ تصور کرتا ہے۔ بینجمن نیتن یاہو نے جنوری میں وزارت عظمیٰ سنبھالتے ہی 7000 سے زائد نئے ہاؤسنگ یونٹس بنانے کا فیصلہ کیا۔