اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) تل ابیب کی جانب سے ترکی کے خلاف سخت مؤقف برقرار رکھتے ہوئے اعلان کیا گیا ہے کہ غزہ کی سرزمین پر کسی ترک فوجی کو داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔
اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کی ترجمان شوش بیڈروسیئن نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اگر غزہ میں بین الاقوامی فورس تعینات بھی کی گئی تو اس میں ترک فوجی شامل نہیں ہوں گے۔ذرائع کے مطابق اسرائیل نے یہ مؤقف باضابطہ طور پر امریکا کو بھی پہنچا دیا ہے کہ وہ کسی صورت میں غزہ میں ترک فوج کی موجودگی قبول نہیں کرے گا۔خیال رہے کہ اسرائیل اس سے پہلے بھی امریکی منصوبے کے تحت غزہ میں بین الاقوامی امن فورس کی تجویز پر تحفظات ظاہر کر چکا ہے۔گزشتہ ماہ ہنگری میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسرائیلی وزیر خارجہ گیڈیون سار نے کہا تھا کہ غزہ میں افواج بھیجنے والے ممالک کو اسرائیل کے ساتھ “منصفانہ رویہ” اختیار کرنا چاہیے۔انہوں نے ترکی پر الزام عائد کیا کہ صدر رجب طیب اردوان کی حکومت اسرائیل کے خلاف “جارحانہ مؤقف” رکھتی ہے، اس لیے تل ابیب ترک افواج کو کسی صورت غزہ کی پٹی میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دے گا۔