اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستانی فلموں کی مشہور اداکارہ نیلو بیگم کو مداحوں سے بچھڑے 2 سال ہو گئے ہیں۔ اداکارہ کو فلم ’زرقا‘ میں شاندار اداکاری پر نگار ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔
آج معروف اداکارہ نیلو بیگم، فلمسٹار شان کی والدہ اور معروف فلم ڈائریکٹر ریاض شاہد کی اہلیہ کی دوسری برسی ہے۔ سرگودھا کے نواحی علاقے بھیرہ کے ایک عیسائی گھرانے میں 30 جون 1940 کو آنکھ کھولنے والی سنتھیا الیگزینڈر فرنینڈس فلمی دنیا کی نیلو بن گئیں۔
نیلو بیگم نے 1956 میں ہالی ووڈ فلم ‘بھوانی جنکشن کے ذریعے فلم انڈسٹری میں قدم رکھا تاہم انہوں نے 1957 کی سپرہٹ فلم ‘سات لاکھ کے گانے ‘آئے موسم رنگے سہانے میں پرفارم کرکے پاکستانی فلم انڈسٹری میں شہرت حاصل کی۔
نیلو بیگم نے دوشیزہ، عذرا، زرقا، بیٹی، ڈاچی، جگر، شیر دی بچی اور ناگن جیسی سپر ہٹ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا کر لاکھوں مداحوں کے دلوں پر راج کیا۔
نیلوبیگم کے بیٹے شان کو آج بھی پاکستان فلم انڈسٹری کا اہم کردار سمجھا جاتا ہے، ان کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’’ضرار‘‘ نے سنسنی مچا دی ہے۔
نیلو بیگم طویل عرصے تک کینسر میں مبتلا رہنے کے بعد 30 جنوری 2021 کو انتقال کر گئیں تاہم وہ اپنی فنی خدمات کے باعث مداحوں کے دلوں میں زندہ رہیں گی۔