اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہمیں مشکل حالات میں حکومت ملی، ہم ایک ایک پائی بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف نے مارگلہ ریلوے اسٹیشن اسلام آباد پر گرین لائن ایکسپریس ٹرین سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمیں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے، خواجہ سعد رفیق اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
وزیراعظم نے کہا کہ گرین لائن کی بنیاد نواز شریف کے دور میں رکھی گئی، میرٹ پر انحصار نواز شریف کی حکومت کی امتیازی خصوصیت رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خدمات کو آ ئوٹ سورس کر دیا گیا ہے، آج حکومتیں ادارے خود نہیں چلاتی بلکہ آ ئوٹ سورس کرتی ہیں۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ رواں ماہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ہو جائے گا، پاکستان اس مقام پر کھڑا ہے جہاں ایک ایک پائی بچانا ضروری ہے، جلد مشکل صورتحال سے نکل جائیں گے، چینی حکومت اور لوگوں کا پاکستان سے ہمیشہ محبت کا رشتہ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کا سفر مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں، پاکستان جلد اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر لے گا۔
قبل ازیں وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، یہ چینی دوستوں کے تعاون سے ممکن ہوا ہے، ہم نے اپنے محدود وسائل سے ریلوے کا آپریشن چلایا ہے اور کوشش کریں گے کہ کو ریلوے کا سفر مکمل کیا جائے۔ مسافر
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ اس ٹرین میں 2200 افراد سفر کر سکیں گے، مستقبل کی بوگیاں پاکستان میں تیار کی جائیں گی، تمام پاکستانی گرین لائن ٹرین کو ترجیح دیں، ہمیں ریونیو کی اشد ضرورت ہے۔
افتتاح کے موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے وزیراعظم کو ٹرین سے متعلق بریفنگ دی۔
واضح رہے کہ جدید سہولیات سے آراستہ گرین لائن ایکسپریس ٹرین پاکستان ریلوے کو اسلام آباد سے کراچی تک مین لائن ون مسافر سروس فراہم کرے گی، یہ ٹرین راولپنڈی، چکلالہ، لاہور، خانیوال، بہاولپور، روہڑی، حیدرآباد اور ڈرگ روڈ ریلوے اسٹیشنوں پر رکے گی۔ .