اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)جنرل ہیڈ کوارٹرز آرمی (جی ایچ کیو) نے کراچی، حیدرآباد اور ٹھٹھہ میں بلدیاتی انتخابات کے دوران تمام پولنگ اسٹیشنز کے باہر فوج اور رینجرز کی تعیناتی پر معذرت کرلی ہے۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید کو وزارت داخلہ کی جانب سے خط موصول ہوا جس میں کہا گیا ہے کہ فوج اور رینجرز کی تعیناتی کا معاملہ جی ایچ کیو کے ساتھ اٹھایا گیا ہے جس پر جی ایچ کیو نے کہا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں تعیناتی ممکن نہیں یہ صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
وزارت داخلہ نے لکھا کہ جی ایچ کیو نے پہلے ہی بتا دیا ہے کہ اتنے حساس پولنگ اسٹیشنز پر تعیناتی ممکن نہیں، انتخابی عملے اور سامان کو سیکیورٹی فراہم کرنا ممکن نہیں، الیکشن کمیشن 500 حساس پولنگ اسٹیشنز کی نشاندہی کرے، 500 حساس پولنگ اسٹیشنز کے باہر رینجرز کو مستقل طور پر تعینات کیا جا سکتا ہے۔