اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ لگتا ہے کہ آئی ایم ایف سے کوئی معاہدہ نہیں ہو گا، پاک چین تعلقات اس سے متزلزل ہو رہے ہیں۔
سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے رضا ربانی نے کہا کہ آئی ایم ایف سوچے سمجھے منصوبے کے تحت گول پوسٹ کو آگے بڑھاتا ہے، آئی ایم ایف عالمی سامراج کے ایجنٹ کا کردار ادا کرتا ہے،
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے کہا کہ ہم اس بات کی تصدیق کرنا چاہتے ہیں کہ ان کی طرف سے دیا گیا قرض چین کو ادائیگیوں کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا۔ ہمیں بین الاقوامی سامراج کے چنگل سے نکلنا ہوگا۔
رضا ربانی نے کہا کہ چھوٹے صوبوں کے ساتھ ایک بار پھر امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے، بلوچستان کے ترقیاتی فنڈز میں کمی کی گئی ہے، میرا مطالبہ ہے کہ بلوچستان کے ترقیاتی فنڈز میں اسی طرح اضافہ کیا جائے جو سندھ کو سیلاب کے حوالے سے ملنے والے فنڈز میں کیا گیا تھا۔