اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)دہشت گردی کا نشانہ بننے والی جعفر ایکسپریس 16 روز بعد بحال ہوگئی۔جعفر ایکسپریس ٹرین کو وفاقی وزیر امیر مقام اور ریلوے حکام کی موجودگی میں پشاور کینٹ ریلوے سٹیشن سے روانہ کیا گیا۔
ٹرین پشاور سے پنجاب اور پھر سندھ کے بعد بلوچستان میں داخل ہوگی، جعفر ایکسپریس واحد ریل گاڑی ہے جو چاروں صوبوں سے گزرتی ہے۔
جعفر ایکسپریس پشاور سے روانہ ہو کر پنجاب، سندھ اور پھر بلوچستان سے ہوتی ہوئی 34 گھنٹے کے سفر کے بعد کل شام کوئٹہ پہنچے گی، جعفر ایکسپریس میں سفر کیلئے 280 مسافروں نے ریزرویشن حاصل کی ہے، پشاور سے 28 مسافر روانہ ہوئے۔
ٹرین کی روانگی کے موقع پر وفاقی وزیر امیر مقام نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی خواہش تھی کہ جعفر ایکسپریس کی سروس کوئٹہ کیلئے بحال کی جائے اور اب یہ ٹرین پشاور سے روانہ ہو چکی ہے۔
یاد رہے کہ جعفر ایکسپریس کو 11 مارچ کو دہشت گردوں کے حملے کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے بعد ٹرین سروس معطل کر دی گئی تھی لیکن اب 16 دن بعد یہ دوبارہ کینٹ ریلوے سٹیشن پشاور سے اپنے سفر پر روانہ ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف ملکی سلامتی کیلئے پرعزم ہیں، دہشت گردوں کے عزائم کامیاب نہیں ہوں گے، پاکستان اور بلوچستان کی ترقی کا عمل جاری رہے گا، جعفر ایکسپریس کا دوبارہ چلنا ملک کی ترقی کا نشان ہے۔
امیر مقام نے دہشت گردی کے خلاف خیبر پختونخوا کے عوام کے عزم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کا مقابلہ جاری رکھا جائے گا، دہشت گردی کا مسئلہ پورے ملک کا ہے اور ہم سب نے اس کا مقابلہ کرنا ہے، تمام ریل گاڑیوں کی سکیورٹی کو بہتر بنایا گیا ہے۔
وفاقی وزیر نے اپوزیشن جماعتوں کی تحریکوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی تحاریک کا مقصد ملک اور صوبے کی ترقی نہیں بلکہ اسلام آباد پر قبضہ کرنا ہے، پی ٹی آئی کی قیادت غیر مستحکم ہے اور ان کی پالیسیوں میں کوئی تسلسل نہیں۔
آخر میں امیر مقام نے غیر قانونی افغان مہاجرین کے حوالے سے فیصلہ کیا کہ ان کی واپسی کا عمل اٹل ہے اور حالات کے مطابق اس پر عملدرآمد کیا جائے گا۔