اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ جیل بھرو تحریک ملک کو برباد کرنے والوں کے خلاف جہاد ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں عمران خان نے کہا کہ آج ہم دو بنیادی وجوہات کی بنا پر حقیقی آزادی کے لیے جیل بھرو تحریک شروع کر رہے ہیں، پہلی یہ تحریک امن کے لیے ہے اور ہمارے آئین پر حملے اور بنیادی حقوق دینے سے انکار کے خلاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوسرا یہ کہ ہم شرمناک طور پر ایف آئی آرز، نیب کیسز اور حراستی تشدد کا سامنا کر رہے ہیں، ہمارے صحافیوں اور سوشل میڈیا والوں پر حملے ہو رہے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ ہماری تحریک منی لانڈرنگ کرنے والوں، ملکی دولت لوٹنے اور خود کو این آر او دے کر ملکی معیشت کو تباہ کرنے والوں کے خلاف ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ خاص طور پر غریب اور متوسط طبقہ مہنگائی اور بے روزگاری کی زد میں آچکا ہے، تمام پاکستانیوں سے اپیل ہے کہ وہ اپنی حقیقی آزادی کے لیے ہماری جیل بھرو تحریک میں شامل ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ تحریک ملک کو آزاد اور خوشحال پاکستان بنائے گی، پاکستان تب خوشحال ہوگا جب ریاست آپ کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرے گی تحریک میں جتنی شرکت زیادہ ہوگی اتنے جلد ہی ہم اپنے مقصد تک پہنچ جائیں گے۔