اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )جماعت اسلامی نے عید الفطر کے بعد یک نکاتی ایجنڈے پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کی تجویز دے دی۔
ذرائع کے مطابق سیاسی منظر نامے پر اہم پیش رفت کے لیے آل پارٹیز کانفرنس جماعت اسلامی کی سربراہی میں ہو گی، عمران خان اور شہباز شریف کو کانفرنس میں مدعو کرنے کے لیے رابطے شروع کر د ئیے گئے، کانفرنس کا یک نکاتی ایجنڈا آل پارٹیز کانفرنس عام انتخابات ہے۔
جماعت اسلامی کا موقف ہے کہ مختلف تاریخوں پر انتخابات کا انعقاد ملکی مفاد میں نہیں، اس لیے حکومت اور اپوزیشن کو انتخابات کے لیے ایک ہی تاریخ پر اتفاق کرنا چاہیے، کوشش کی جائے گی کہ انتخابات کے لیے اتفاق رائے ہو۔
پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے نامزد کردہ وفود جماعت اسلامی کی اے پی سی سے قبل مذاکرات کریں گے، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے گزشتہ روز شہباز شریف اور عمران خان سے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور ابتدائی مذاکرات کا آغاز کیا۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے خواجہ سعد رفیق اور سردار ایاز صادق کو جماعت اسلامی کے ساتھ معاملات آگے بڑھانے کا گرین سگنل دے دیا گیا۔