اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ہندوستانی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے ہندوستان کے لیے ٹیسٹ کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کردی ہے۔
یکم جنوری کو، آئی سی سی نے ٹیسٹ پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کی، جس میں جسپریت بمراہ نے اپنے ملک کے لیے نیا ریکارڈ قائم کیا۔ تازہ ترین آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں، بمراہ نہ صرف گیند بازوں کی فہرست میں سرفہرست ہیں بلکہ کسی بھی ہندوستانی گیند باز کے لیے سب سے زیادہ ریٹنگ پوائنٹس کا ریکارڈ بھی قائم کیا ہے۔بمراہ آسٹریلیا کے خلاف بارڈر گواسکر ٹرافی میں اسٹینڈ آؤٹ بولر رہے ہیں.
انہوں نے اب تک 4 ٹیسٹ میچوں میں 30 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ بارڈر-گواسکر ٹرافی میں اپنی شاندار کارکردگی کی وجہ سے آئی سی سی رینکنگ میں بمراہ کے ریٹنگ پوائنٹس میں اضافہ ہوا ہے اور اب وہ 907 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کر چکے ہیں۔ جو کسی بھی ہندوستانی بولر کے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔ اس سے قبل حال ہی میں ریٹائر ہونے والے اسپنر روی چندرن اشون نے 2016 میں آئی سی سی رینکنگ میں 904 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرکے ایک ریکارڈ قائم کیا تھا۔ واضح رہے کہ جسپریت بمراہ کو آئی سی سی مینز کرکٹر آف دی ایئر اور آئی سی سی مینز ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈز کے لیے سر گارفیلڈ سوبرز ٹرافی کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔