اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)کراچی میں متحدہ عرب امارات کی بحریہ کے ساتھ دوطرفہ بحری مشق NASL البحر IV کے دوران پاکستان نیوی نےبحیرہ عرب میں فائر پاور کا مظاہرہ کیا۔ پاک بحریہ کی ایک نیوز ریلیز میں کہا گیا ہے کہ یہ مشق اعلیٰ درجے کی بحری کارروائیوں پر مشتمل ہے، جس میں لائیو ویپنز فائرنگ (LWF) کا عملی مظاہرہ بھی شامل ہے۔
چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اور ہیڈ آف یو اے ای نیول ٹریننگ بریگیڈیئر اسٹاف عبداللہ سلطان نے شمالی بحیرہ عرب میں ایل ڈبلیو ایف کا مشاہدہ کیا۔
مشق NASL ALBAHR دونوں بحری افواج کے درمیان چوتھا ایڈیشن ہے جس کا مقصد باہمی آپریشنل صلاحیت کو بڑھانا، آپریشنل تیاری کا مظاہرہ کرنا اور بحری آپریشنز میں موجودہ مضبوط دو طرفہ تعلقات کو مستحکم کرنا ہے۔
مشق کا خاصہ بحری افواج کے سطحی اور ہوابازی پلیٹ فارم دونوں کی طرف سے لائیو ہتھیاروں کی فائرنگ تھی۔ تمام یونٹس نے متعلقہ اہداف کو کامیابی سے حاصل کیا۔
اس موقع پر نیول چیف نے خطرات کے خلاف پاک بحریہ کی شاندار جنگی تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے دونوں بحری افواج کی جانب سے مشترکہ ایل ڈبلیو ایف کے کامیاب انعقاد کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ اس نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کو اسٹریٹجک طور پر اجاگر کیا ہے۔