اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)جمعیت علمائے اسلام (ف) اور تحریک انصاف کے درمیان سیاسی رابطہ قائم ہو گیا ہے۔ جے یو آئی (ف) نے مدرسہ رجسٹریشن ترمیمی بل کے تناظر میں خیبرپختونخوا میں قانون سازی کے لیے پی ٹی آئی سے مدد مانگ لی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر اور جے یو آئی (ف) کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال اور مدرسہ رجسٹریشن ترمیمی بل سے پیدا ہونے والی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔
ملاقات میں سیاسی امور پر دوطرفہ سیاسی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اسد قیصر نے کامران مرتضیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی بتائے کہ پی ٹی آئی مدارس کے معاملے میں جے یو آئی کی کیسے مدد کر سکتی ہے۔
کامران مرتضیٰ نے کہا کہ پی ٹی آئی پہلے اندرونی مشاورت سے فیصلہ کرے کہ وہ جے یو آئی کے ساتھ جانا چاہتی ہے یا نہیں۔ کامران مرتضیٰ نے جے یو آئی اور مدارس کے حوالے سے پی ٹی آئی رہنماؤں کے متضاد بیانات کی بھی نشاندہی کی۔
سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی مدد کرنا چاہتی ہے تو پختونخوا اسمبلی بھی مدرسہ رجسٹریشن ترمیمی بل کی روشنی میں دینی مدارس کے حوالے سے قانون سازی کرے۔ مرکز سے منظور شدہ بل کا دائرہ اسلام آباد تک محدود رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ جے یو آئی پنجاب، سندھ اور بلوچستان اسمبلیوں سے قانون سازی کے لیے صوبائی حکومتوں اور سیاسی قیادت سے بھی بات کرے گی۔