نگر ان وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے نام پر مشاورت کے لیے وزیراعلیٰ ہاؤس میں اجلاس ہوا، جس میں سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور سابق اپوزیشن لیڈر اکرم درانی نے شرکت کی۔
اکرم درانی نے کہا کہ اعظم خان کا نام اس لیے پیش کیا گیا کہ وہ ایماندار آدمی تھے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والی مشاورت کے حوالے سے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ کے پی کے نگراں وزیراعلیٰ کے لیے جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ کے نام پر اتفاق ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ریٹائرڈ جسٹس ارشد حسین شاہ کا نام سابق اپوزیشن لیڈر اکرم درانی نے تجویز کیا تھا جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ کا نام منظوری کے لیے گورنر خیبرپختونخوا کو بھجوا دیا گیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق نئے نگراں وزیراعلیٰ جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ کی تقریب حلف برداری آج شام 6 بجے ہوگی۔ گورنر کے پی غلام علی ارشد حسین شاہ سے ان کے عہدے کا حلف لیں گے۔
جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے، وہ چیف جسٹس سپریم اپیلیٹ کورٹ گلگت بلتستان رہ چکے ہیں اور خیبرپختونخوا کی نگراں کابینہ کا بھی حصہ تھے۔یاد رہے کہ خیبرپختونخوا کے نگراں وزیراعلیٰ اعظم خان گزشتہ روز دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے تھے جس کے باعث صوبائی کابینہ تحلیل ہوگئی تھی اور خیبرپختونخوا میں سیاسی خلا پیدا ہوگیا تھا۔