اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کراچی کنگز کی قیادت کرنے والے آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر کو آسٹریلیا میں گرفتار کر لیا گیا ہے
جس کے بعد شائقین کرکٹ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔آسٹریلوی میڈیا رپورٹس کے مطابق وارنر کو شہر سڈنی میں مبینہ طور پر نشے کی حالت میں گاڑی چلاتے ہوئے پولیس نے حراست میں لیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان کے جسم میں الکوحل کی مقدار مقررہ قانونی حد سے تقریباً دوگنا پائی گئی۔
گرفتاری کے بعد وارنر کو ماروبرا پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا، جہاں ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔ رپورٹس کے مطابق وہ اگلے ماہ عدالت میں پیش ہوں گے، جہاں ان پر باقاعدہ فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈیوڈ وارنر چند روز کی چھٹی پر پاکستان سے آسٹریلیا گئے تھے۔ ان کی اچانک گرفتاری نے پاکستان سپر لیگ میں ان کی ٹیم کی شرکت پر بھی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔واضح رہے کہ کراچی کنگز نے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ابتدائی تینوں میچز جیت رکھے ہیں۔ ٹیم کا اگلا مقابلہ پشاور زلمی کے خلاف 9 اپریل کو شیڈول ہے، تاہم وارنر کی دستیابی کے حوالے سے ابھی کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔ماہرین کے مطابق اگر قانونی کارروائی طول پکڑتی ہے تو کراچی کنگز کو کپتانی اور بیٹنگ لائن اپ میں رد و بدل کرنا پڑ سکتا ہے، جو ٹیم کی کارکردگی پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔