اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)میانوالی میں پولیس چیک پوسٹ پر خوارجی دہشت گردوں نے حملہ کیا جسے پنجاب پولیس نے ایک بار پھر پوری طاقت سے ناکام بنا دیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 12 سے 14 خارجی دہشت گردوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چیک پوسٹ پر راکٹ لانچروں اور دستی بموں سے حملہ کیا۔ چیک پوسٹ پر تعینات پنجاب پولیس کے اہلکار چوکس تھے اور دہشت گردوں کے حملے کو پسپا کر دیا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ چیک پوسٹ پر تعینات سپاہی دہشت گردوں کے حملے میں بازو پر گولی لگنے سے زخمی ہوا، ڈی پی او میانوالی اختر فاروق فوری طور پر چیک پوسٹ پر پہنچے، خود اپر مورچے پر گئے، حملے کو ناکام بنانے پر جوانوں کو مبارکباد دی۔
پولیس ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ڈی ایس پی عیسیٰ خیل اور ایس ایچ او بھاری نفری کے ساتھ پولیس چیک پوسٹ پر موجود رہے، علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا، فرار دہشت گردوں کو بھاری نقصان کا خدشہ ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشت گردی کا حملہ ناکام بنانے پر ڈی پی او میانوالی اور پولیس اہلکاروں کو شاباش دی۔
70