213
اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری میں فوج کا قطعی کوئی کردار نہیں تھا، چیئرمین پی ٹی آئی فوج پر جھوٹے الزامات لگا رہے ہیں۔
پارلیمنٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کو فوج یا رینجرز نے گرفتار نہیں کیا، گرفتاری میں رینجرز نے صرف پولیس کی مدد کی، عمران خان فوج پر جھوٹے الزامات لگا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اب فوجی تنصیبات پر حملے کو جواز بنا رہے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی لوگوں کو اکسانے اور منظم حملوں کے جواز اور بہانے ڈھونڈ رہے ہیں، عمران خان ان حملوں سے فوج کو جوڑ رہے ہیں۔ کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ انہوں نے جو کیا وہ درست ہے؟
وزیر دفاع نے کہا کہ تحریک انصاف پر پابندی کے حوالے سے اتحادیوں سے مشاورت اور بات چیت ابھی شروع نہیں ہوئی۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ تحریک انصاف مذاکراتی کمیٹی کے ساتھ متبادل کمیٹی بھی بنائے۔ اگر مذاکراتی کمیٹی پی ٹی آئی کو چھوڑتی ہے تو متبادل انتظام ہونا چاہیے۔ نواز شریف پاکستان ضرور آئیں گے۔