اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ افغانستان ہمسایہ اور برادر ملک ہونے کا حق پورا نہیں کر رہا۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان افغان تعلقات سے متعلق بیان میں کہا کہ افغانستان دوحہ معاہدے کی بھی پاسداری نہیں کر رہا۔
وزیر دفاع نے کہا ہے کہ 40-50 سال سے 50 سے 60 ملین افغانی اپنے تمام حقوق کے ساتھ پاکستان میں پناہ گزیں ہیں جب کہ پاکستانیوں کا خون بہانے والے دہشت گردوں کی افغان سرزمین پر پناہ گاہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال مزید جاری نہیں رہ سکتی، پاکستان اپنی سرزمین اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گا۔
گزشتہ روز آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بھی کوئٹہ گیریژن کے دورے کے موقع پر کہا تھا کہ مسلح افواج کو افغانستان میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی محفوظ پناہ گاہوں اور آزادانہ دہشت گردی کی کارروائیوں پر شدید تحفظات ہیں۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں افغان شہریوں کا ملوث ہونا ایک اور بڑی تشویش ہے جس پر فوری توجہ دینے اور اس سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رہے گا، مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے تک آرام سے نہیں بیٹھیں گی۔
واضح رہے کہ فروری 2020 میں امریکا اور افغان طالبان کے درمیان 18 سال سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے تاریخی امن معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے۔ اس معاہدے تک پہنچنے میں پاکستان نے کلیدی کردار ادا کیا جس کے لیے امریکا اور طالبان دونوں نے پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔