اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے وضاحت دی ہے کہ حکومت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم پی ٹی آئی کی جانب سے اس پیشکش کا مثبت جواب نہیں دیا جا رہا اور بدزبانی کی جارہی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے تین سے چار مرتبہ واضح طور پر مذاکرات کی پیشکش کی، مگر پی ٹی آئی نے بات چیت سے انکار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات کا حل صرف مذاکرات میں ہے، لیکن جب جواب میں بدزبانی سامنے آتی ہے تو معاملات آگے نہیں بڑھ سکتے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ اقتدار عارضی چیز ہے اور سیاست میں مستقل مزاجی اور برداشت کی ضرورت ہوتی ہے۔ حکومت اب بھی مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم پی ٹی آئی کی قیادت کی جانب سے سنجیدہ رویہ دکھائی نہیں دے رہا۔
خواجہ آصف نے ادارہ جاتی احتساب پر بھی بات کی اور کہا کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی کا احتساب کیا جا چکا ہے، جو اداروں میں خود احتسابی کے عمل کا ثبوت ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اپنے ادارے میں احتساب کی شروعات کا کریڈٹ موجودہ فوجی قیادت کو جاتا ہے۔