اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ملکی سیاست اہم موڑ پر پہنچ چکی ہے اور نومبر کا مہینہ ملکی سیاست میں انتہائی اہم ثابت ہو گا۔
اتوار کو یہاں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مارچ کے کنٹینر سے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات ہو رہے ہیں، لیکن میں واضح کروں گا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان پاکستانی اداروں کے خلاف جو زبان استعمال کر رہے ہیں اس کی وجہ سے بھارتی میڈیا انہیں بھرپور کوریج دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سربراہ قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں، ان کا بیانیہ ظاہر کرتا ہے کہ وہ عوام کے ساتھ مخلص نہیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا، ان کے مارچ کی طاقت ہر گزرتے دن کے ساتھ کم ہوتی جا رہی تھی۔ جمعہ کو جب انہوں نے لانگ مارچ شروع کیا تو 10 سے 12 ہزار لوگ ان کے ساتھ تھے۔ لیکن اب جب وہ مریدکے پہنچے تو ان کے لانگ مارچ میں صرف 3500 سے 4000 لوگ شامل تھے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پہلے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)، پھر اپوزیشن جماعتیں عمران خان کا اصل چہرہ قوم کے سامنے بے نقاب کرتی تھیں، لیکن اب یہ براہ راست اداروں کے اعلیٰ حکام کر رہے ہیں۔
خواجہ آصف نے مسلح افواج نے سیاست سے دوری کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ 75 سال سے ملک و قوم کے لیے قربانیاں دینے والے ادارے کو عمران خان سیاست میں گھسیٹ رہے ہیں جو کہ افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری افواج اور ہماری انٹیلی جنس ایجنسیوں کا شمار دنیا کی بہترین افواج اور ایجنسیوں میں ہوتا ہے، مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمیشہ قربانیاں دی ہیں اور پوری قوم ان کا ساتھ دیتی ہے۔