اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)خیبر پختونخوا کے نو منتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اپنے پہلے خطاب میں کہا ہے کہ خیبر پختونخوا صرف عمران خان کا صوبہ ہے اور یہاں صرف ان کی پالیسی ہی چلے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں قبائلی عوام کے احساسِ محرومی کو ختم کرنے کے لیے وزیراعلیٰ منتخب کیا گیا ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ ان کے نام کے ساتھ نہ زرداری ہے، نہ بھٹو اور نہ شریف، بلکہ وہ قبائلی علاقوں کے بیٹے ہیں اور ان علاقوں کے عوام آج خوشی منا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ بننے کے بعد اپنے خطاب میں انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ “ہم سیاست نہیں، عمران خان سے عشق کرتے ہیں۔ آپ نے قبائلیوں کو عزت دی، شعور دیا، اور ہم وعدہ کرتے ہیں کہ خیبر پختونخوا میں صرف عمران خان کی قیادت ہی چلے گی۔”
سہیل آفریدی نے کہا کہ وہ پرچی کے ذریعے نہیں بلکہ عوام کی حمایت سے وزیراعلیٰ بنے ہیں۔ ان کے مطابق قبائلی علاقے ترقی میں پیچھے رہ گئے تھے، لیکن اب محرومیوں کے ازالے کا وقت آ گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی سب سے بڑی طاقت اس کی سوشل میڈیا ٹیم ہے، جس نے ہمیشہ پارٹی کا بیانیہ مضبوط کیا۔ سہیل آفریدی نے بتایا کہ ان کے خاندان میں کوئی بھی سیاست دان نہیں، وہ اپنی محنت اور جدوجہد سے اس مقام تک پہنچے ہیں، اور ان کے انتخاب پر پورے قبائلی اضلاع میں جشن منایا جا رہا ہے۔