اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)خیبر پختونخوا میں سینیٹ کی 11 خالی نشستوں پر انتخابات کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں، جن کے لیے 25 امیدوار میدان میں ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے اسمبلی ہال کو پولنگ اسٹیشن مقرر کیا گیا ہے، جہاں دو پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔ پولنگ کا عمل صبح 11 بجے شروع ہوگا۔
الیکشن کمیشن کی فہرست کے مطابق 11 نشستوں کے لیے 25 امیدوار میدان میں ہیں جن میں 7 جنرل نشستوں پر 16، ٹیکنوکریٹ کی 2 نشستوں پر 5 اور خواتین کی 2 نشستوں پر 4 امیدوار شامل ہیں۔ تاہم، ان میں سے بیشتر امیدوار دستبردار ہو چکے ہیں۔
حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بلامقابلہ فارمولے کے تحت 6 نشستیں اپوزیشن جبکہ 5 حکومت کے حصے میں آئی ہیں۔ جنرل نشستوں پر حکومتی امیدواروں میں مراد سعید، فیصل جاوید، مرزا آفریدی اور نورالحق قادری شامل ہیں، جبکہ اپوزیشن کی جانب سے جے یو آئی کے مولانا عطا الحق درویش، پیپلز پارٹی کے طلحہ محمود اور ن لیگ کے نیاز احمد میدان میں ہیں۔
پی ٹی آئی کے ناراض امیدوار خرم ذیشان نے کاغذات نامزدگی واپس نہیں لیے، جبکہ دیگر ناراض امیدوار عرفان سلیم، وقاص اورکزئی دستبردار ہو چکے ہیں۔خواتین کی نشستوں پر پیپلز پارٹی کی روبینہ خالد، پی ٹی آئی کی روبینہ ناز اور مہوش علی امیدوار ہیں، جبکہ پی ٹی آئی کی ناراض امیدوار عائشہ بانو کا نام بھی فہرست میں موجود ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق مقررہ وقت تک کاغذات واپس لینے والے امیدواروں کے نام بیلٹ پیپر میں شامل نہیں ہوں گے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے میڈیا کوریج پر پابندی عائد کر دی ہے اور اسمبلی گیٹ پر میڈیا کی گاڑیوں کو روک دیا گیا ہے۔ اسمبلی سیکرٹریٹ نے اس پابندی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی ہدایت پر عمل کیا جا رہا ہے، جس کے باعث میڈیا ٹیمیں اسمبلی گیٹ پر موجود ہیں۔