اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) جسٹس مسرت ہلالی نے پشاور ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے جسٹس مسرت ہلالی سے حلف لیا۔ اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ، وزرا، پشاور ہائی کورٹ کے ججز اور وکلاء بھی موجود تھے۔
جسٹس مسرت ہلالی خیبرپختونخوا کی پہلی خاتون چیف جسٹس ہیں جو چیف جسٹس کے عہدے پر فائز ہوئیں۔ جسٹس مسرت ہلالی خیبرپختونخوا کے ماحولیاتی تحفظ ٹریبونل کی پہلی خاتون چیئرپرسن بھی رہ چکی ہیں۔
وہ خیبرپختونخوا کی پہلی خاتون محتسب کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔جسٹس مسرت ہلالی 8 اگست 1961 کو پشاور میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے قانون کی ڈگری خیبر لاء کالج پشاور یونیورسٹی سے حاصل کی۔ 1983 میں مسرت ہلالی نے بطور ڈسٹرکٹ کورٹ ایڈووکیٹ کام کرنا شروع کیا۔ وہ 1988 میں ہائی کورٹ کے ایڈووکیٹ کے طور پر داخل ہو ئیں جس کے بعد انہوں نے سال 2006 میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے وکیل کے طور پر کام شروع کیا۔
جسٹس مسرت ہلالی 1988 میں پشاور ہائی کورٹ بار کی پہلی خاتون جنرل سیکرٹری منتخب ہوئیں، وہ 2 مرتبہ پشاور ہائی کورٹ بار کی نائب صدر بھی رہ چکی ہیں۔جسٹس مسرت ہلالی کو 26 مارچ 2013 کو پشاور ہائی کورٹ کی ایڈیشنل جج تعینات کیا گیا تھا اور ایک سال بعد انہیں 26 مارچ 2014 کو پشاور ہائی کورٹ کی مستقل جج کے طور پر تعینات کیا گیا تھا۔