پولیس کے مطابق رات گئے کوہاٹ میں انڈس ہائی وے پر واقع لاچی ٹول پلازہ اور چیک پوسٹ پر دس سے زائد دہشت گردوں نے حملہ کیا جس میں تین پولیس اہلکاروں سمیت چار افراد شہید ہوگئے۔دہشت گردوں کے حملے میں جان کی بازی ہارنے والے پولیس اہلکاروں میں لائیز ہیڈ کانسٹیبل امجد، لائیز ہیڈ کانسٹیبل جنید اور کانسٹیبل وقار شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق حملے میں لکی مروت کا رہائشی نور محمد نامی ایک عام شہری بھی شہید ہوا ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فوج کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بنوں میں بھی انسداد پولیو ٹیم پر حملہ ہوا تھا جس میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے تھے۔
پولیس کے مطابق میریان کے علاقے میں پولیو ٹیم بچوں کو پولیو کے قطرے پلا رہی تھی، ٹیم کی سیکیورٹی کے لیے 2 پولیس اہلکار بھی ڈیوٹی پر موجود تھے، ٹیم جیسے ہی تیری رام پہنچی تو 2 دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ کردی۔ دونوں پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق دونوں زخمی پولیس اہلکاروں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دونوں دوران علاج دم توڑ گئے۔