اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی ہدایت پر ضلع ٹانک میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کے بعد ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو حکام کو ہدایت جاری کی کہ وہ ضلع کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی امدادی کارروائیاں کریں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ امدادی کاموں اور ریسکیو آپریشنز کے لیے حکومتی مشینری کو پوری طرح متحرک کیا جائے اور سیلاب سے متاثرہ آبادی کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل ترجیحی بنیادوں پر بروئے کار لائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔ انہوں نے کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان اور ڈپٹی کمشنر ٹانک کو تمام ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کی ذاتی طور پر نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔