اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا پاسپورٹ پیر کو واپس کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کے لیے دائر درخواست پر سماعت آج دوبارہ شروع کی۔
درخواست میں مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے موقف اختیار کیا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے 4 سال سے چوہدری شوگر ملز کا ریفرنس دائر نہیں کیا لہٰذا عدالت رجسٹرار آفس کو ان کا پاسپورٹ واپس کرنے کی ہدایت کرے۔
گزشتہ سماعت میں تین رکنی بینچ نے مدعا علیہان سے جواب طلب کیا تھا جب کہ نیب نے مریم کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست کی مخالفت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
دریں اثنا، لاہور ہائیکورٹ نے مریم کی درخواست منظور کرتے ہوئے آج کی سماعت میں ان کا پاسپورٹ واپس کرنے کی ہدایت کی۔