اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایک ہفتے میں چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کے لیے بورڈ آف گورنرز کو 15 روز میں نوٹیفکیشن جاری کرے۔
گزشتہ روز پی سی بی بورڈ آف گورنرز کے خلاف دائر درخواست پر لاہور ہائی کورٹ پنڈی بینچ کے جسٹس شاہد جمیل خان نے فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ مینجمنٹ کمیٹی پی سی بی کے معاملات چلانے اور ٹاسک مکمل کرنے کی مجاز ہے اس لیے بورڈ آف گورنرز کو نوٹیفکیشن کے بعد 7 روز میں چیئرمین پی سی بی کا انتخاب کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں
چیئرمین پی سی بی کا انتخاب ، لاہور ہائیکورٹ نے اجازت دیدی
پی سی بی بورڈ آف گورنرز کے خلاف درخواست راولپنڈی کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر نوید عباسی نے دائر کی تھی۔نوید عباسی اپنے وکیل ایڈووکیٹ سعید یوسف خان کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ قائد اعظم ٹرافی کی ٹاپ 4 ٹیموں کو بورڈ آف گورنرز میں شامل کیا جائے، لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔پی سی بی کے وکیل امتیاز علی صدیقی نے عدالت کو بتایا کہ وفاقی حکومت نے 22 جون کو نیا بورڈ آف گورنر تشکیل دیا تھا۔
مزید پڑھیں
یہ بھی پڑھیں
ذکا اشرف چیئرمین پی سی بی مقرر، نئی مینجمنٹ کمیٹی قائم
عدالت نے فیصلے میں کہا کہ وفاقی حکومت کے پاس انتظامی کمیٹی کی تشکیل نو اور تبدیلی کا اختیار ہے، 5 جولائی 2023 کو دوسری انتظامی کمیٹی کی تقرری کا نوٹیفکیشن کسی طور بھی غیر قانونی نہیں ہے۔درخواست پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے فیصلہ جاری کیا کہ انتظامی کمیٹی 15 دن میں بورڈ آف گورنرز کو مطلع کرے اور 7 دن میں چیئرمین پی سی بی کا انتخاب کرے۔عدالت نے مزید کہا کہ سیاسی مداخلت کی وجہ سے ملک میں کھیلوں کے ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔