اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد کو چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) تعینات کر دیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین نیب کی تقرری کی منظوری دے دی ہے جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب کا تقرر وزیراعظم اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے درمیان اتفاق رائے کے بعد کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے سمری کی سرکولیشن کے ذریعے چیئرمین نیب کی تقرری کی منظوری دی، لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد کی بطور چیئرمین تقرری 3 سال کے لیے ہوگی۔
یاد رہے کہ چند روز قبل سابق چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ سابق چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے کہا کہ میں نے چند روز قبل استعفیٰ دیا تھا اور مجھے کچھ باتیں بتائی گئیں جو میں نے قبول نہیں کیں۔انہوں نے کہا کہ میں نے کہا کہ میں شرائط کے ساتھ جاری نہیں رہ سکتا ۔
میرا استعفیٰ منظور کر لیا گیا ہے اور ہم اچھے نوٹ پر ختم ہوئے ہیں، وزیراعظم نے میر ے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، میں بھی ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔