اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے والے ہم خیال ارکان نے کسی پارٹی میں شامل ہونے کے بجائے ڈیموکریٹس کے نام سے نیا گروپ بنانے کا اعلان کیا ہے۔
تحریک انصاف سے علیحدگی اختیار کرنے والے ہم خیال ارکان کا اجلاس تحریک انصاف کی حکومت کے سابق صوبائی وزرا ڈاکٹر مراد راس اور ہاشم ڈوگر کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں گروپ کے نام پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہم خیال اراکین فی الحال جہانگیر ترین گروپ کے ساتھ نہیں جائیں گے، اراکین اپنی شناخت ڈیموکریٹس کے طور پر رکھیں گے، گروپ میں آنے والے اراکین کی شناخت فی الوقت ظاہر نہیں کی جائے گی، الیکشن کمیشن میںگروپ رجسٹرڈ نہیں ہوگا۔
ڈیموکریٹس گروپ کے اہم رکن ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ وہ اپنی شناخت الگ گروپ کے طور پر بنائیں گے، وہ مسلم لیگ، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن میں شامل نہیں ہوں گے، وہ سب عوام سے رابطے میں ہیں۔