اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) لندن کی ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایک حامی کو پاکستانی ہائی کمیشن کو نقصان پہنچانے کا مجرم پایا۔
51 سالہ عامر وسیم چوہدری نے 18 مئی کو چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پاکستان ہائی کمیشن کو نقصان پہنچایا تھا۔
ایسٹ لندن کے رہائشی عامر وسیم چوہدری پر پاکستانی ہائی کمیشن میں ‘مجرمانہ نقصان کا الزام عائد کیا گیا۔ہائی کمیشن میں داخلے سے قبل عامر وسیم چوہدری نے عمارت میں موجود سفارتی عملے کو گالیاں دیں۔ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کورٹ میں ابتدائی طور پر جرم سے انکار کرنے والے عامر وسیم نے ثبوت دیکھنے کے بعد اعتراف جرم کر لیا۔
عدالت نے عامر وسیم چوہدری کو حکم دیا کہ وہ پاکستانی ہائی کمیشن کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ کریں۔واضح رہے کہ رواں سال 9 مئی کو پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کے کارکنوں نے پاکستان کے مختلف شہروں میں احتجاج کیا تھا اور آگ لگا دی تھی۔پی ٹی آئی کے کارکنوں نے جناح ہاؤس لاہور سمیت فوجی تنصیبات، تاریخی عمارتوں، سرکاری املاک اور گاڑیوں کو آگ لگا دی۔