ارد ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )مدینہ منورہ میں پیر کی صبح پیش آنے والا المناک ٹریفک حادثہ متعدد بھارتی خاندانوں کے لیے قیامت کی گھڑی ثابت ہوا،
جب مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ جانے والی بھارتی عمرہ زائرین کی بس ایک آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔تصادم کے فوراً بعد دونوں گاڑیوں میں شدید آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ عرب میڈیا کے مطابق حادثے کے نتیجے میں کم از کم 42 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ کئی دیگر کے بارے میں تاحال معلومات اکٹھی کی جارہی ہیں۔رپورٹس کے مطابق بس میں 42 سے 45 کے درمیان عمرہ زائرین سوار تھے جن کا تعلق بھارتی ریاست تلنگانہ کے شہر حیدرآباد سے تھا۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ ابتدا میں بتایا گیا کہ حادثہ ٹینکر اور بس کے درمیان شدید رفتار کے باعث ہوا جس کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی اور بس میں سوار بیشتر افراد کو نکلنے کا موقع نہ مل سکا۔سعودی حکام نے حادثے کے فوراً بعد ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیموں کو موقع پر بھیجا، جہاں آگ پر قابو پانے اور لاشوں کو نکالنے کا کام کئی گھنٹے جاری رہا۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، تاہم جاں بحق افراد کے بارے میں باضابطہ معلومات کی فراہمی جاری ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اتنا شدید تھا کہ کئی لاشیں ناقابلِ شناخت ہو گئی ہیں۔
دوسری جانب بھارتی سیاستدان اسد الدین اویسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اطلاعات کے مطابق حادثے میں 41 بھارتی زائرین جاں بحق ہوئے ہیں، تاہم سعودی حکومت کی جانب سے سرکاری اعداد و شمار تاحال سامنے نہیں آئے۔ حادثے نے دونوں ممالک میں غم و اندوہ کی لہر دوڑا دی ہے جبکہ متاثرہ خاندانوں کو ڈی این اے کی مدد سے شناخت کے عمل کا انتظار ہے۔