اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)بلوچستان کے اضلاع چلتن اور کیچ میں سکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی یافتہ تنظیم "فتنہ الہند” کے 18 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز کو چلتن کے پہاڑی علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع ملی، جس کے بعد علاقے کو گھیر کر آپریشن شروع کیا گیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 14 دہشت گرد مارے گئے۔
اسی روز ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں بھی انٹیلی جنس بنیاد پر ایک اہم کارروائی کی گئی، جہاں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔ اس آپریشن میں چار دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں کارروائیوں میں اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد برآمد کیا گیا، جبکہ ہلاک دہشت گرد متعدد دہشت گردانہ حملوں اور تخریبی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
فوج کے ترجمان ادارے کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں انسدادِ دہشت گردی آپریشنز جاری ہیں، اور یہ مہم آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔ اس سلسلے میں کارروائیاں قومی ایکشن پلان اور عزمِ استحکام کے تحت مربوط انداز میں انجام دی جا رہی ہیں۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے فورسز کی اس کارروائی کو بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ علاقے کی کلیئرنس سکیورٹی اداروں کے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی سکیورٹی فورسز کے عزم و حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ فورسز نے بروقت کارروائی کر کے بلوچستان میں بھارتی پراکسی دہشت گرد نیٹ ورک کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ کارروائیاں مکمل قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔