اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )نوبل انعام یافتہ اور لڑکیوں کی تعلیم کی مہم چلانے والی ملالہ یوسف زئی 12 اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گی اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گی تاکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے ہونے والی تباہی کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر آگاہی فراہم کی جا سکے۔
لڑکیوں کی تعلیم کی 25 سالہ کارکن سندھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا بھی دورہ کریں گی ۔
پاکستان میں اس موسم میں معمول سے زیادہ مون سون بارشیں ہوئیں جس نے ملک بھر میں سیلاب کو جنم دیا اور ملک کا ایک تہائی حصہ پانی کے اندر چھوڑ دیا، جس سے سندھ اور بلوچستان میں کھڑی فصلوں اور سڑکوں اور ریل کی پٹریوں کو نقصان پہنچا۔
ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے ملالہ کی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔ اس سلسلے میں پولیس کا خصوصی یونٹ انتظامات کر رہا ہے۔
نوبل انعام یافتہ بیرون ملک سے کراچی جائیں گی انہیں کراچی سے سخت سیکیورٹی میں دادو میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں لے جایا جائے گا۔
توقع ہے کہ وہ سیلاب زدگان کے لیے ملالہ فنڈ سے مدد فراہم کریں گی۔