اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ منگلا ڈیم ہائیڈل پاور منصوبہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان خوشگوار تعلقات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن میں یو ایس سپورٹڈ یونٹ 5 اور 6 کی تزئین و آرائش کے منصوبے کا افتتاح کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر اعظم نے مقامی وسائل کی تلاش کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ حکومت ہوا، ہائیڈل اور دیگر قابل تجدید ذرائع سے سستی بجلی پیدا کرنے کی پوری کوشش کر رہی ہے کیونکہ پاکستان مہنگے ایندھن سے بجلی پیدا کرنے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے سولر انرجی کے ذریعے 10,000 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے اور تھر میں 1,320 میگاواٹ کا ایک منصوبہ بھی شروع کیا گیا ہے جس سے بجلی کی پیداوار کے لیے مقامی کوئلہ استعمال کیا جائے گا۔
وزیر اعظم نے ملک کی خدمت کرنے اور اسے تمام چیلنجوں سے نکالنے کے لیے اتحاد پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ منگلا ڈیم کی بحالی کے کام سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہو گا تاکہ اضافی 20 لاکھ افراد کی بجلی کی ضروریات پوری ہو سکیں اور یہ اس بات کو بھی یقینی بنا یا جائے گا کہ ڈیم کے پاور سٹیشن کئی سالوں تک پیداواری رہیں۔