مریم نواز کا مذہبی ہم آہنگی پر زور، آئمہ کرام کے لیے ماہانہ اعزازیہ بڑھانے کا اعلان

اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ معاشرے میں مذہبی منافرت، نفرت انگیز بیانیے اور تقسیم کو روکنا تمام علما کرام اور مذہبی رہنماؤں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بدقسمتی سے بعض عناصر نے مذہب کے مقدس نام کو ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہوئے انتشار اور فتنہ پھیلانے کی کوشش کی، جس کے منفی اثرات پورے معاشرے پر مرتب ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام امن، برداشت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، اسی پیغام کو عام کرنا علما کی اصل ذمہ داری ہے۔

یہ بات انہوں نے علما کرام میں اعزازیہ کارڈ تقسیم کرنے کی ایک تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ علما اور آئمہ کرام عوام کی زندگی کے ہر اہم مرحلے میں رہنمائی فراہم کرتے ہیں، چاہے وہ خوشی کا موقع ہو یا غم کا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ریاست اور معاشرہ ماضی میں شاید مذہبی رہنماؤں کو وہ مقام اور سہولتیں فراہم نہ کر سکے جس کے وہ حق دار تھے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ صوبے بھر میں تقریباً 80 ہزار مساجد موجود ہیں اور انہیں 70 ہزار سے زائد مساجد کے آئمہ کرام کی جانب سے درخواستیں موصول ہوئیں۔ ان درخواستوں میں آئمہ کرام نے اپنی معاشی مشکلات کا ذکر کیا، جس میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ کئی مساجد کے اماموں کو صرف پانچ ہزار روپے ماہانہ ملتے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ یہ صورتحال جان کر انہیں دلی تکلیف ہوئی اور انہوں نے اس مسئلے کے مستقل حل کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ آئمہ کرام، علماء اور مذہبی پیشواؤں کی خدمت کو حکومت اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے اور اب صوبے بھر میں آئمہ کرام کو ماہانہ 25 ہزار روپے اعزازیہ دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ کے مطابق یہ اقدام نہ صرف آئمہ کرام کی مالی مشکلات کم کرے گا بلکہ انہیں معاشرتی اصلاح اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ میں مزید مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بھی بنائے گا۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ علما کرام معاشرے میں امن، برداشت اور اتحاد کا پیغام عام کریں اور نوجوان نسل کو شدت پسندی اور نفرت سے بچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پنجاب حکومت آئندہ بھی علما کرام کی فلاح و بہبود اور دینی خدمات کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کرتی رہے گی۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں