اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) غزہ جدید تاریخ میں صحافیوں کا سب سے بڑا قتل عام بن گیا، اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے غزہ میں 34 صحافی جاں بحق ہو چکے ہیں، رواں سال جنوری سے اب تک دنیا بھر میں جاں بحق ہونے والے صحافیوں کی تعداد 37 ہے۔
بین الاقوامی صحافی تنظیم رپورٹرز وِد آؤٹ بارڈرز غزہ میں صحافیوں کے خلاف جاری جنگی جرائم کی شکایت لے کر عالمی عدالت انصاف پہنچ گئی ہے۔
صحافتی تنظیم کے مطابق اسرائیل نے غزہ میں میڈیا کی 50 سے زائد عمارتوں پر جان بوجھ کر بمباری کی ہے۔رپورٹرز وِدآؤٹ بارڈرز کے مطابق اسرائیل نے غزہ میں صحافیوں کے تحفظ کی ضمانت دینے سے انکار کر دیا ہے جب کہ میڈیا کو نشانہ بنانا جنگی جرم ہے۔صحافی تنظیموں اور الجزیرہ جیسی میڈیا تنظیموں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج میڈیا کو خاموش کرنے اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی جانب سے جاری نسل کشی کے بارے میں دنیا کو جاننے سے روکنے کے لیے جان بوجھ کر صحافیوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔