اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کیس میں علیمہ خان کے بیٹے شیر شاہ کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
کیس کی سماعت جج منظر علی گل نے کی۔ اس موقع پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنیں علیمہ خان اور عظمیٰ خان، جبکہ سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی اہلیہ مہرین قریشی بھی عدالت میں موجود تھیں۔ ملزم کے وکلاء رانا مدثر اور بیریسٹر تیمور نے عدالت کے روبرو دلائل پیش کیے۔
وکیل صفائی رانا مدثر نے کہا کہ شیر شاہ کے خلاف ابھی تک چالان جمع نہیں کرایا گیا اور نہ ہی ٹرائل کے آغاز کا کوئی امکان نظر آ رہا ہے۔ ان کے مطابق ملزم کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت موجود نہیں اور اسے کسی ہنگامہ آرائی یا جلاؤ گھیراؤ میں ملوث ثابت نہیں کیا جا سکا۔
وکیل نے مزید کہا کہ ایسے کئی ملزمان، جن پر شیر شاہ سے زیادہ سنگین الزامات تھے، ضمانت پر رہا ہو چکے ہیں۔ صرف ایک شخص کی نشاندہی پر کسی دوسرے کو ملوث کرنا درست نہیں۔
عدالت نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد شیر شاہ کی ضمانت سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔