اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) میئر کین سم نے اپنے ساتھی کونسلر شان او ر پر بغیر ثبوت منشیات تقسیم کرنے کا الزام لگانے پر معذرت کر لی ہے۔
میئر نے کو ایک غیر متعلقہ پریس کانفرنس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے گزشتہ روز شان اور سے بات کر کے اپنے ریمارکس پر معافی مانگ لی ہے۔ تاہم انہوں نے صحافیوں کے مزید سوالات کے جواب دینے سے گریز کیا اور ایک ہی بیان کو بارہا دہراتے رہے۔میئر نے رواں ماہ کے آغاز میں چینی زبان بولنے والے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ شان اور نے کرسمس کے روز سڑکوں پر لوگوں میں غیر قانونی منشیات تقسیم کیں۔ یہ ویڈیو بعد میں منظر عام پر آئی جس کے بعد معاملہ شدت اختیار کر گیا۔ شان اور نے اس الزام کی سختی سے تردید کرتے ہوئے اسے بے بنیاد اور ہتک آمیز قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کرسمس کے موقع پر وینکوور میں موجود ہی نہیں تھے اور انہوں نے کبھی منشیات تقسیم نہیں کیں۔
شان اور، جو کوپ پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں، نے تصدیق کی کہ میئر کین سم نے انہیں فون کر کے معافی مانگی اور بتایا کہ انہیں غلط معلومات فراہم کی گئی تھیں۔ ان کے مطابق اس قسم کے الزامات جمہوریت اور وینکوور شہر دونوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ادھر وینکوور کی گرین پارٹی سے تعلق رکھنے والے کونسلر پیٹ فرائی نے بھی میئر کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے پر شدید غصے میں ہیں۔ ان کے بقول کسی منتخب نمائندے پر اس نوعیت کا الزام لگانا غیر ذمہ دارانہ اور ناقابلِ قبول ہے، اور یہ طرزِ عمل اچھی حکمرانی اور ضابطۂ اخلاق کے منافی ہے۔
اس سے قبل میئر کی جماعت اے بی سی وینکوور سے تعلق رکھنے والے کونسلر **لینی ژو** نے بھی سوشل میڈیا پر اپوزیشن کونسلرز سے متعلق متنازع بیان واپس لے کر معذرت کی تھی، جس پر میئر کین سم نے ان کی تعریف کی تھی۔ تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ میئر خود بھی اسی نوعیت کے ریمارکس دے چکے تھے۔شان اور طویل عرصے سے نقصان کم کرنے کی پالیسیوں اور محفوظ فراہمی جیسے اقدامات کی حمایت کرتے رہے ہیں، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہیں رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری ایک فعال اور متحد سٹی کونسل دیکھنا چاہتے ہیں جہاں منتخب نمائندے مل کر وینکوور کے مفاد میں فیصلے کریں، اور میئر کا کردار تقسیم پیدا کرنے کے بجائے اتحاد قائم کرنا ہونا چاہیے۔