اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے جدہ میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔
ملاقات میں سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان بھی موجود تھے جب کہ ایرانی وفد کے حکام نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔
سعودی پریس ایجنسی کے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ ملاقات ایرانی وزیر خارجہ کے دورہ سعودی عرب کے دوران ہوئی۔ دونوں ممالک کے درمیان مارچ میں طے پانے والے معاہدے کے بعد ایرانی وزیر خارجہ کا سعودی عرب کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور دونوں ممالک کے درمیان مستقبل میں شراکت داری کے مواقع تلاش کرنے کا جائزہ لیا گیا، ملاقات میں حالیہ بین الاقوامی اور علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ نے گزشتہ روز ریاض میں سعودی ہم منصب سے ملاقات کی تھی جس میں ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔یاد رہے کہ 2016 میں تہران میں سعودی سفارت خانے پر مظاہرین کے حملے کے نتیجے میں سعودی عرب نے ایران کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات منقطع کر لیے تھے۔رواں سال مارچ میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان چین کی ثالثی میں ایک معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تنازع ختم کرنے اور تعلقات کی بحالی پر اتفاق کیا گیا تھا۔
6