اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ازبکستان کا دورہ کیا، ازبک صدر، وزیر دفاع، سیکیورٹی سروسز کے چیئرمین اور سیکریٹری سے ملاقاتیں کیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے دو روزہ دورہ ازبکستان کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان فوجی اور دفاعی تعاون کو بڑھانا ہے۔آرمی چیف نے وزیر دفاع اور سیکورٹی سروسز کے چیئرمین اور سیکرٹری سے بھی ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ازبک فوج کی معیاری تربیت اور تیاریوں کو سراہا، آرمی چیف نے علاقائی سکیورٹی امور پر ازبک فوج کی آگاہی کو بھی سراہا، وزارت دفاع پہنچنے پر آرمی چیف کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ آرمی چیف کو مسلح افواج نے سلامی دی۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ آرمی چیف نے تاشقند میں یادگار شہداء پر پھول بھی چڑھائے۔