اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے سابق اراکین اسمبلی نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں جنوبی پنجاب سے پی پی میں شمولیت اختیار کرنے والی سیاسی شخصیات اور سابق اراکین نے بھی شرکت کی۔
اعلامیے کے مطابق مظفر گڑھ سے سابق صوبائی وزیر سید ہارون، سابق رکن قومی اسمبلی چوہدری اصغر جٹ نے پی پی پی میں شمولیت اختیار کر لی جب کہ خانیوال سے مسلم لیگ ن کے سابق رکن پنجاب اسمبلی سید جمیل شاہ نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
اس کے علاوہ مسلم لیگ (ق) کے مظفر گڑھ سے پی پی 271 کے امیدوار ملک فیض احمد جب کہ پی ٹی آئی کے سابق امیدوار برائے بہاولنگر رانا انتظار احمد، پاکستان کسان اتحاد کے مرکزی نائب صدر عامر وٹو، ، پی پی 271 کے امیدوا ر،مسعود مجید نے پی پی ی میں شمولیت اختیار کر لی
پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو مبارکباد دی۔ ملاقات میں یوسف رضا گیلانی اور مخدوم سید احمد محمود بھی موجود تھے۔
ملاقات میں صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ اراکین قومی اسمبلی مخدوم سید مرتضیٰ محمود اور مخدوم سید مصطفیٰ محمود بھی موجود تھے۔ زرداری ہاؤس میں سیاسی رہنماؤں کی شمولیت کے موقع پر پیپلز پارٹی مظفر گڑھ کے ضلعی جنرل سیکرٹری ملک مظہر پہاڑ، ملک فیاض احمد کھکھ ایڈووکیٹ اور عبدالقادر شاہین بھی موجود تھے۔