سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل وان نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے سیمی فائنل کی پیش گوئی کر دی۔مائیکل وان نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان سیمی فائنل کولکتہ میں ہوگا۔واضح رہے کہ جنوبی افریقہ 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، بھارت 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، آسٹریلیا 8 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور نیوزی لینڈ بھی 8 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔
پاکستان 7 میں سے 3 میچ جیت کر 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔واضح رہے کہ گروپ مرحلے کے اختتام پر ٹاپ 4 ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔پوائنٹس ٹیبل کے مطابق اس وقت جنوبی افریقہ، بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیمیں سیمی فائنل تک رسائی کے لیے بہتر پوزیشن میں ہیں جب کہ چوتھی ٹیم کے لیے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سخت مقابلہ ہو سکتا ہے۔پاکستان اور نیوزی لینڈ نے ابھی ورلڈ کپ میں اپنے بقیہ 2 میچ کھیلنا ہیں۔
پاکستان اپنے اگلے میچ میں ہفتہ کو نیوزی لینڈ کا مقابلہ کرے گا اور اپنا آخری میچ انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا جبکہ نیوزی لینڈ اپنا آخری میچ سری لنکا کے خلاف کھیلے گا۔پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے اپنے بقیہ 2 میچز جیتنا ہوں گے، جب کہ نیوزی لینڈ اپنے بقیہ دونوں میچ ہارنے پر 8 پوائنٹس کے ساتھ گروپ مرحلے کا اختتام کر دے گا۔جب کہ پاکستان اپنے اگلے 2 حریفوں کو شکست دینے کی صورت میں 10 پوائنٹس کے ساتھ ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر سکتا ہے۔