اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے مسلم لیگ ن سندھ کے جنرل سیکرٹری کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
مفتاح اسماعیل نے مسلم لیگ (ن) کے سیکر ٹری جنرل احسن اقبال کو لکھے گئے خط میں سندھ کے جنرل سیکر ٹری کے عہدے کے علاوہ تمام پارٹی کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ اب انتخابی سیاست میں سرگرم نہیں ہوں گا، مجھے نہ صرف پارٹی بلکہ حکومت میں بھی ذمہ داریاں سونپنے پر پارٹی قیادت کا مشکور ہوں۔ میں ان کی حمایت اور اعتماد کے لیے ہمیشہ شکر گزار رہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ میں سماجی طور پر منصفانہ اور معاشی طور پر مستحکم پاکستان دیکھنا چاہتا ہوں۔ میری آپ کے لیے، پارٹی کے لیے اور تمام رہنماؤں کے لیے نیک خواہشات ہیں۔
واضح رہے کہ مفتاح اسماعیل وقتاً فوقتاً میڈیا اور سوشل میڈیا پر حکومت کی معاشی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے رہتے ہیں۔
چند روز قبل ذرائع کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے مفتاح اسماعیل کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی قیادت نے مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر محمد شاہ اور سندھ کے سیکریٹری و سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم مفتاح اسماعیل نے خود پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔مفتاح اسماعیل کی پارٹی سے ناراضگی موجودہ حکومت میں اس وقت کھل کر سامنے آئی جب حکومت نے مفتاح اسماعیل کو وزیر خزانہ کے عہدے سے ہٹا کر اسحاق ڈار کو وزارت دینے کا فیصلہ کیا۔