اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان ایران کی جانب سے ایک بڑا دعویٰ سامنے آیا ہے
جہاں ایرانی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ ملک بھر سے ایک کروڑ 20 لاکھ (12 ملین) افراد نے امریکا اور اسرائیل کے خلاف لڑنے کے لیے رضاکارانہ طور پر اپنی رجسٹریشن کروا لی ہے۔ حکومتی بیان کے مطابق یہ رجسٹریشن صرف 10 دن کے اندر ہوئی، جسے عوامی سطح پر غیر معمولی ردعمل قرار دیا جا رہا ہے۔
ایرانی وزیر داخلہ کے مطابق حکومت نے حالیہ دنوں میں عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ ملک کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی دفاع کو یقینی بنانے کے لیے افواج میں شامل ہوں یا رضاکارانہ خدمات کے لیے اپنا اندراج کروائیں۔ اس اپیل کے بعد ملک بھر میں بڑی تعداد میں لوگوں نے رجسٹریشن مراکز کا رخ کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے لاکھوں افراد اس مہم کا حصہ بن گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ایرانی عوام کے عزم اور یکجہتی کی عکاسی کرتا ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا نے اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے جس میں سیستان سمیت مختلف علاقوں کے افراد کو تربیت حاصل کرتے اور ملک کے دفاع کے لیے تیار ہوتے دکھایا گیا ہے۔ ویڈیو میں نوجوانوں کے ساتھ ساتھ بزرگ افراد بھی جوش و جذبے کے ساتھ شریک نظر آتے ہیں، جسے ریاستی بیانیے میں “قومی بیداری” سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق اگرچہ اس سطح کی رجسٹریشن ایک مضبوط علامتی اور سیاسی پیغام دیتی ہے، تاہم اتنی بڑی تعداد کو عملی طور پر عسکری تربیت دینا، منظم کرنا اور میدان میں اتارنا ایک پیچیدہ اور وقت طلب عمل ہوتا ہے۔ اس کے باوجود یہ پیش رفت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے اور حالات کسی بڑے تصادم کی طرف جا سکتے ہیں۔