اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے
ایران کی جانب سے اسرائیل کے مختلف علاقوں پر بیلسٹک میزائلوں سے حملے کیے گئے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب ایران نے اسرائیل کی سمت میزائلوں کی متعدد لہریں فائر کیں جس کے باعث ملک بھر میں خطرے کے سائرن بج اٹھے۔
اطلاعات کے مطابق یہ میزائل حملے خاص طور پر اسرائیل کے مرکزی شہر تل ابیب اور اس کے اطراف کے علاقوں کو نشانہ بنا کر کیے گئے۔ سائرن بجنے کے بعد لاکھوں اسرائیلی شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات اور زیرِ زمین پناہ گاہوں میں منتقل ہونا پڑا اور کئی علاقوں میں شہری رات بھر شیلٹرز میں ہی موجود رہے۔اسرائیلی حکام کے مطابق ایران نے حملوں میں محدود تعداد میں بیلسٹک میزائل استعمال کیے۔ تاہم اسرائیل کے فضائی دفاعی نظام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زیادہ تر میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیے جس کے باعث کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔حکام کا کہنا ہے کہ اب تک موصول ہونے والی معلومات کے مطابق ان حملوں میں کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع سامنے نہیں آئی اور نہ ہی کسی مقام پر میزائل کے براہِ راست گرنے کی تصدیق ہوئی ہے۔
دوسری جانب خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی برادری کی جانب سے صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اگر دونوں ممالک کے درمیان حملوں کا یہ سلسلہ جاری رہا تو مشرقِ وسطیٰ میں بڑے پیمانے پر تنازع کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے۔حکام کا مزید کہنا ہے کہ اسرائیلی دفاعی ادارے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں جبکہ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سائرن کی صورت میں فوری طور پر قریبی محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل ہو جائیں۔