اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے حال ہی میں ملتان گیریژن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر کور ہیڈکوارٹرز میں انہیں فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں اور جاری تربیتی مشقوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق، جنرل عاصم منیر نے فوج کی پیشہ ورانہ تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے قومی خودمختاری اور علاقائی سلامتی کے دفاع کے لیے پاک فوج کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
اپنے دورے کے دوران، آرمی چیف نے اکیڈمیا اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی، جس میں قومی اتحاد، سول و عسکری تعاون اور ہائبرڈ جنگی خطرات سے نمٹنے کے لیے قوم کی اجتماعی شرکت کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل نے پاکستان آرمی ایوی ایشن میں جدید Z-10ME اٹیک ہیلی کاپٹر کی شمولیت کی تقریب کی صدارت بھی کی۔
یہ جدید پلیٹ فارم ہر موسم میں، دن ہو یا رات، دشمن پر موثر انداز میں حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس میں جدید ریڈار اور الیکٹرانک وارفیئر سسٹمز شامل ہیں جو اسے زمینی اور فضائی خطرات کے خلاف زیادہ مؤثر بناتے ہیں۔
بعد ازاںمظفرگڑھ فیلڈ فائرنگ رینج میں آرمی چیف نے Z-10ME ہیلی کاپٹرز کی فائر پاور کا عملی مظاہرہ بھی دیکھا۔ یہ جدید ہتھیار نظام آرمی ایوی ایشن کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کرتا ہے اور فوری و فیصلہ کن ردعمل کی طاقت کو مزید مستحکم بناتا ہے۔
سپاہیوں سے خطاب کرتے ہوئے جنرل عاصم منیر نے ان کے بلند حوصلے اعلیٰ پیشہ ورانہ قابلیت اور مکمل جنگی تیاری کو سراہا۔ انہوں نے مشترکہ جنگی مشقوں کی کامیابی کی تعریف کی اور کہا کہ بدلتے ہوئے جنگی تقاضوں کے باوجود پاک فوج میدان میں برتری قائم رکھنے کے لیے پرعزم ہےدورے کے آغاز پر کور کمانڈر ملتان نے آرمی چیف کا پرتپاک استقبال کیا۔