اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لینے کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی کے سربراہ نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکرٹری جے شاہ کے آئی سی سی چیئرمین بننے میں کوئی مسئلہ نہیں، وہ رابطے میں رہتے ہیں، اے سی سی میٹنگز میں ان سے ملتے ہیں اور آئی سی سی سمیت ہر رکن ملک سے بات چیت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت سمیت تمام ٹیمیں چیمپئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان آئیں گی جس میں ہم تمام مہمان ٹیموں کی میزبانی کریں گے۔محسن نقوی نے کہا کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کا اجلاس کل سے کوالالمپور میں ہو رہا ہے۔ جس کی نمائندگی سلمان نصیر کریں گے۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ اس اجلاس میں ایشین کرکٹ کونسل کی چیئرمین شپ پی سی بی کو دینے کا معاملہ بھی حتمی شکل اختیار کرے گا۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے جاری ترقیاتی کاموں کے باعث لاہور میں ہوٹل کی تعمیر کا فیصلہ فی الحال التوا کا شکار ہے، ٹرافی کے بعد جلد بازی کی بجائے اس منصوبے پر توجہ دی جائے گی۔ لاہور کے ساتھ کراچی میں بھی ہوٹل بنانا ہے، اس کے لیے اشتہار بھی دیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ بین الاقوامی کمپنیاں اپنے ڈیزائن دیں تاکہ ان ہوٹلوں کو بہترین اور تمام جدید سہولیات کے مطابق بنایا جا سکے۔