ملک بھر میں مون سون کا زور، سندھ سے کشمیر تک شدید بارشوں کا خطرہ

اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)ملک کے مختلف حصوں میں مون سون کی بارشیں شدت اختیار کر رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے کراچی سمیت سندھ کے کئی علاقوں میں بارش متوقع ہے۔ گزشتہ رات شہر قائد کے کچھ علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی ہوئی، جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں موسلادھار بارش کے باعث نچلے علاقے زیر آب آگئے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں بھی شدید بارشیں ہو سکتی ہیں۔ راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال اور اٹک میں کلاؤڈ برسٹ کے امکانات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو گھنٹوں کے دوران مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی اور بالائی خیبر پختونخوا میں مزید بارش ہو سکتی ہے۔ کشمیر، وادی نیلم، مظفرآباد اور اردگرد کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ مانسہرہ، ایبٹ آباد، مردان، صوابی، جہلم اور گجرات میں بھی بارش کے امکانات ہیں۔

ماہرین کے مطابق بعض علاقوں میں تیز اور موسلادھار بارش ہو سکتی ہے، جس سے ندی نالوں میں طغیانی اور نچلے علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔ عوام سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

سندھ اور بلوچستان میں 22 اگست تک موسلادھار بارشیں جاری رہنے کی پیش گوئی ہے۔ فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا، کالا باغ، چشمہ اور تونسہ بیراج پر درمیانے درجے کے سیلاب ریکارڈ کیے گئے ہیں، جبکہ گڈو بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے ستلج میں ہیڈ سلیمانکی اور گنڈا سنگھ والا کے مقام پر بھی نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے۔

لاہور میں اس وقت مون سون کا کمزور سسٹم موجود ہے، جس کی وجہ سے موسم خشک اور حبس زدہ ہے۔ شہر میں درجہ حرارت کم سے کم 27 اور زیادہ سے زیادہ 32 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے نے 17 سے 23 اگست تک ممکنہ بارشوں کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کی ہے اور ضلعی انتظامیہ، واسا اور ایل ڈبلیو ایم سی کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

پنجاب کے دریاؤں میں پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے۔ تربیلا میں پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 30 ہزار، کالا باغ 4 لاکھ 32 ہزار، چشمہ 4 لاکھ 80 ہزار اور تونسہ 4 لاکھ 54 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا 65 ہزار اور سلیمانکی 69 ہزار کیوسک پر ہے۔ دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا بہاؤ 54 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے، جبکہ نالہ پلکھو میں درمیانے درجے اور نالہ ایک بئیں و بسنتر میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال موجود ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث دریاؤں کے بہاؤ میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، اس لیے دریا کے قریب رہنے والے شہری محفوظ مقامات پر منتقل ہوں۔

حکومت پنجاب نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے ہیں، جہاں بنیادی سہولیات اور ادویات فراہم کی جائیں گی۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے قریب نہ جائیں، معیاری بوٹس اور لائف جیکٹس کے بغیر دریاؤں کی کراسنگ نہ کریں اور بچوں کو ان جگہوں پر نہانے کے لیے نہ بھیجیں۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔