اردو ورلڈکینیڈا( ویب نیوز)مونٹریال میں ٹرانسپورٹ کا نظام شدید دباؤ میں ہے۔ آر ای ایم کی بندش، ایس ٹی ایم کی ہڑتالوں اور بڑھتی ہوئی ٹریفک نے شہریوں کی آمد و رفت مشکل بنا دی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ 2025 کے بلدیاتی انتخابات سے پہلے شہر کی نئی قیادت کو کاروں پر انحصار کم کر کے محفوظ، پائیدار اور مؤثر سفری ذرائع پر توجہ دینی ہوگی۔
ٹرانسپورٹ تنظیم ٹراجیکتوار کیوبیک کے فلپ جاک نے کہا کہ مونٹریال کے میٹرو نظام پر سب سے زیادہ سرمایہ کاری کی ضرورت ہے کیونکہ یہ ملک کا دوسرا قدیم ترین نیٹ ورک ہے۔
سائیکل سواروں اور پیدل چلنے والوں کی تنظیموں نے زور دیا ہے کہ شہر میں سڑکوں کی منصوبہ بندی عوامی نقل و حرکت کے مطابق کی جائے۔
ویلو کیوبیک کی پروگرام ڈائریکٹر مگالی بیبرون نے کہا کہ سائیکلنگ کا فروغ صرف سائیکل سواروں کے لیے نہیں بلکہ سب شہریوں کے لیے فائدہ مند ہے، کیونکہ اس سے ٹریفک اور پارکنگ کے مسائل کم ہوں گے۔
پییٹون کیوبیک کی ڈائریکٹر سینڈرین کابانا نے کہا کہ مونٹریال کی زیادہ تر سڑکیں اب بھی گاڑیوں کے حق میں ہیں۔ ان کے مطابق آئندہ میئر کو سڑکوں کو محفوظ بنانا، گاڑیوں کی جگہ کم کرنا اور پیدل چلنے کے لیے آسان علاقے بنانا اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بہتر سفری نظام صرف رفتار نہیں بلکہ سہولت، حفاظت اور پائیداری کا مجموعہ ہونا چاہیے۔